بھٹکل، 29؍ مارچ (ایس او نیوز) ہیسکام کی طرف سے پرانے میٹروں کو بلا قیمت نئے میٹروں سے بدلنے کی مہم ہر جگہ چلائی جارہی ہے۔ لیکن ٹھیکیدار کمپنی کے نمائندے میٹر بدلنے کے ساتھ اس کا سیکیوریٹی باکس لگانے کے لئے 100 اور 200 روپے وصول کر رہے ہیں۔
بھٹکل تعلقہ میں اس وقت تقریباً 52 ہزار بجلی کے میٹر بدلے جارہے ہیں۔ اور مختلف مقامات سے شکایات مل رہی ہیں کہ میٹر اور اس کا باکس بلا قیمت ہیسکام کی طرف سے فراہم کیے جانے کے باوجود ٹھیکیدار کمپنی کے کارندے خاص کر ان گھروں سے ایک سو اور دو سو روپے وصول کررہے ہیں جہاں پر صرف عورتیں موجود ہوتی ہیں۔
یہ معاملہ صرف بھٹکل تعلقہ میں ہی نہیں بلکہ ضلع کے دوسرے شہروں جیسے انکولہ ، کاروار وغیرہ سے بھی ایسی شکایات مل رہی ہیں۔
ہیسکام کی طرف سے وضاحت کی گئی ہے کہ ٹھیکیدار کمپنی کے کارندوں کو کوئی رقم نہ دی جائے اور ایسی صورت حال پیش آنے پر ہیسکام کے افسران کے پاس شکایت درج کروائی جائے۔